قلندیہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں قلندیہ کے علاقے میں فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی جارحیت کے جواب میں فلسطینیوں نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں قلندیہ کے علاقے میں چیک پوسٹ پر تعینات صیہونی فوجیوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔اس چیک پوسٹ پر تعینات صیہونی فوجیوں کے علاوہ غاصب صیہونی حکومت نے مزید فوجیوں کو وہاں روانہ کر دیا جس کے بعد فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
ان جھڑپوں میں ہونے والے ممکنہ نقصان کے بارے میں ابھی کوئی رپورٹ نہیں ملی ہے۔
ایک اور رپورٹ یہ ہے کہ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر ،وادی حلوہ، نے اپنی ماہانہ رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ ماہ کے دوران بیت المقدس اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے ایک سو ستّاون فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے جن میں ترسٹھ بچے، آٹھ عورتیں اور چار بوڑھے افراد شامل ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق گذشتہ مہینے پندرہ سو سے زائد صیہونی آبادکاروں نے مسجد الاقصی کو بارہا اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ مسجد القصی پر صیہونیوں کے حملوں اور صیہونی فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہی یکم اکتوبر دو ہزار پندرہ کو انتفاضہ قدس شروع ہوئی ہے۔