(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے اپنے ایک تازہ فرمان میں فلسطین میں رواں سال اکتوبر میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے اقلیتوں میں عیسائیوں کے لیے کوٹہ مختص کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رام اللہ میں صدر محمود عباس کے دستخطوں کے ساتھ جاری کردہ فرمان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن کی 9 بلدیاتی کونسلوں کے چیئرمین کے لیے عیسائیوں کو انتخاب کا موقع دیا گیا ہے۔ ان تمام نو کونسلوں میں عیسائی امیدوراروں کی تعداد بھی متعین کی گئی ہے ساتھ ہی ان میں مسلمانوں کے لیے مختص سیٹوں کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔صدر عباس نے عیسائی برادری کے لیے بیت لحم، بیت ساحور، بیت جالا، بیرزیت، الزبابدہ، رام اللہ، عابود، عین عریق اور جفنا میں نشستیں مختص کی ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی جانب سے دو ماہ قبل فلسطین میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا۔ صدارتی اعلان کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔