الخلیل- (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا ہے جس کے قبضے سے ایک تیز دھار چاقو برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی نوجوان کے حملے میں رام اللہ میں ایک اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب سے ایک مشتبہ فلسطینی نوجوان کو حراست میں لیا ہے۔ اس کے قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ فوج کا دعویٰ ہے کہ گرفتار فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج پرحملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔گرفتار فلسطینی شہری کی شناخت نہیں کی گئی تاہم صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ اسے تفتیش کے لیے ایک حراستی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔
اس واقعے کی آڑ میں اسرائیلی فوج نے کریک ڈاؤن شروع کیا اور Â فلسطینی شہریوں کی 500 دکانیں بند کرادیں۔ اس سے قبل الخلیل شہر کے ایک ہزار فلسطینی دکانداروں سے جبرا ان کی دکانیں بند کرادی گئی ہیں۔
ادھر ایک دوسری پیش رفت میں رام اللہ میں فلسطینی نوجوانوں کے پتھراؤ سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوجی مغربی رام اللہ میں نعلین کے مقام پر اس وقت زخمی ہوا جب فلسطینی شہری فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ فلسطینی مظاہرین نے صہیونی فوج کی ایک پارٹی پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے فوجی اہلکار کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔