فلسطینی وزارت اطلاعات نے غزہ کی پٹی سے شائع ہونے والے اخبارات کی مغربی کنارے میں طباعت واشاعت اور تقسیم پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے تمام اخبارات کی تقسیم کی اجازت فراہم کردی گئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے تمام شہروں میں غزہ لائے گئے اخبارات کی تقسیم پر اب کوئی پابندی نہیں رہی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں غزہ کے اخبارات کی تقسیم پر پابندی اٹھانے کا فیصلہ صدر محمود عباس کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔ گذشتہ ہفتے غزہ کی پٹی میں حماس کی نگرانی میں قائم حکومت نے مغربی کنارے میں شائع ہونے والے اخبارات کو غزہ میں تقسیم کی اجازت دے دی تھی۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں پچھلے سات سال میں حماس اور الفتح کی الگ الگ حکومتیں قائم رہی ہیں۔ حال ہی میں دونوں جماعتوں میں قومی حکومت کی تشکیل کا معاہدہ ہوا ہے جس کے بعد ایک دوسرے کے اخبارات کی تقسیم پر عائد پابندی اٹھا لی ہے۔
