فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں انویسٹی گیشن پولیس نے ایک کارروائی کے دوران سابق فلسطینی لیڈر یاسرعرفات مرحوم کا چوری ہونے والا مجسمہ برآمد کرلیا۔ مجسمہ اس وقت شمالی غزہ
کی پولیس کی تحویل میں ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق "بیت لاھیا” انویسٹی گیشن پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ انہیں مجسمے کی ایک شخص کے گھر میں موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔ چھان بین مکمل کرنے کے بعد پولیس نے متعلقہ مکان پرچھاپہ مارا اور یاسرعرفات کا چوری ہونےوالا مجسمہ برآمد کرلیا۔
پولیس نے مجسمہ چورکو حراست میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران اس نے مجسمہ چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ چور کا کہنا ہے کہ اس نے سنہ 2007 ء میں غزہ کی پٹی میں ہونے والے ہنگاموں کے دوران فلسطین کلب سے مجسمہ چوری کرلیا تھا۔ چوری کرنے کے بعد مجسمے کو گھر میں چھپا دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کانسی سے بنے مجسمہ کی قیمت 8 ہزار ڈالر سے زیادہ ہے جب کہ چور نے اسے دو ہزار ڈالر میں فروخت کرنے کا معاہدہ کرلیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
