فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں باہر سے تیل اور ایندھن کی ترسیل کی قلت کے باعث شہر میں بجلی کا بحران ایک مرتبہ پھرسے پیدا ہونےکا انتباہ کیا جا رہا ہے۔
غزہ میں پاور اتھارٹی کے محکمہ اطلاعات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شہر میں ایندھن کی قلت کے باعث کل سے ایک بڑا پاور اسٹیشن کام کرنا چھوڑ دے گا جس کے بعد غزہ کی پٹی میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔
غزہ کی پٹی میں فلسطینی پاور اتھارٹی کے عہدیدار ابو العمرین بے میڈیا کو بتایا کہ ان کے پاس پاور اسٹیشن کے لیے صرف ایک دن کا ایندھن موجود ہے۔ غزہ کی پٹی میں باہر سے فوری طورپر ایندھن کی فراہمی نہ ہوئی تو یہ پاور اسٹیشن بند ہو جائے گا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کو مغربی کنارے اور مصر کی طرف سے ایندھن فراہم کیا جاتا ہے۔ مغربی کنارے کی حکومت کی طرف سے پیرسے بغیر کسی اطلاع کے ایندھن کی سپلائی روک دی تھی جو فی الحال تعطل کا شکار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں العمرین کا کہنا تھا کہ مصرکی سویز بندرگاہ میں ایک قطری جہاز غزہ کے لیے ایندھن لے کر پہنچا ہے تاہم اسے غزہ کی پٹی تک لانے کے لیے مصری حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں قاہرہ حکام سے بات چیت جاری ہے تاہم اس ایندھن کی فوری طورپر غزہ کو ترسیل کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

