مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے دو الگ الگ مقامات پر بمباری۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دو فیکٹریوں کو نشانہ بنایا۔ جنوبی غزہ میں ایک فیکٹری میں ہوئے دھماکے کی زور دار آواز سنئی گئی تاہم حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حملوں نے بعد خان یونس کے بعض علاقوں کی بجلی منطقع ہوگئی تھی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کی نچلی پروازوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت احرنوت‘‘ کی ویب سائیٹ پر جاری ایک خبرمیں عسکری ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بمباری جنوبی اسرائیل میں غزہ سے داغے گئے راکٹ کا رد عمل ہے۔
گذشتہ روز اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا تھا جنوبی اسرائیل میں ایک ویران علاقے میں راکٹ گرا ہے جسے مبینہ طور پر فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے داغا گیا تھا۔ تاہم غزہ کے کسی فلسطینی مزاحمتی گروپ نے راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
خیال رہے کہ رواں سال 08 جولائی سے 26 اگست تک اسرائیلی فوج کے غزہ پر جاری رہنے والے وحشیانہ حملوں کے بعد مصرکی ثالثی کے تحت فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا۔
اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیت میں 2100 فلسطینی شہید اور 11 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینی مزاحمت کاروں کے جوابی حملوں میں 71 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
