(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی کے جنوبی شہرخان یونس میں گذشتہ روز سرنگ کے ایک حادثے میں اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کا ایک کارکن شہید اور دو مزاحمت کار زخمی ہو گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ خان یونس میں سرنگ کے حادثے کے نتیجے میں 30 سالہ صالح الاسطل جام شہادت نوش کر گیا۔ شہید نوجوان کا تعلق اسلامی جہاد کےعسکری ونگ القدس بریگیڈ سے ہے۔ اس کی شہادت سرنگ گرنے کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ حادثے میں دیگر دو مزاحمت کار بھی زخمی ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کے باعث مقامی شہری بنیادی ضروریات کے حصول کے لیے سرنگوں کا سہارا لینے پرمجبور ہیں مگر سرنگیں موت کے کھیل سے کم نہیں ہیں۔ گذشتہ چند برسوں کے دوران سرنگوں کے حادثات میں کئی فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔