(روز نامہ قدس۔آنلائن خبر رساں ادارہ )جنوبی غزہ کی فضائی حدود میں فلسطینی ڈرون طیاروں کی پروازوں سے اسرائیلی اداروں اور شہریوں میں کھلبلی مچ گئی،چھوٹے سے ڈرون کو دیکھ کر بزدل اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق عبرانی اخبار یدیعوت احرونوت نے اسرائیلی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ روزجنوبی غزہ کی فضائی حدود سے اسرائیل کی طرف متعدد ڈرون طیاروں نے پرواز کی مگر وہ بہ حفاظت واپس لوٹ آئے۔ اخبار کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کے ڈرون طیاروں نے اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔
اخبار کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دو چھوٹے ڈرون غزہ کی پٹی کی سرحد سے اسرائیل کی طرف داخل ہونے کے ساتھ ہی واپس آ گئے۔ ان ڈرون کی وجہ سے اگرچہ اسرائیل کی سلامتی کو کوئی خطرہ نہیں تھا تاہم اس کے باوجود یہودی آباد کاروں میں کھلبلی مچ گئی تھی اور وہ شدید خوف و ہراس کا شکار ہو گئے تھے۔