فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں دراندازی کے بعد شہر میں گشت کرنے والے اسرائیلی فوجی کانوائے پر مزاحمت کاروں نے "ہاون” راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس کے بعد صہیونی فوجی پسپائی پر مجبور ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کی شام اسرائیلی فوجیوں کی ایک گشتی پارٹی نے شمالی غزہ میں گشت شروع کیا۔ اس دوران قابض فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر فائرنگ بھی کی۔ جوابی کارروائی میں مجاھدین نے قابض فوج پر دو "ہاون” راکٹ داغے، جس کے بعد قابض فوجی پسپائی پر مجبور ہوگئے۔ادھر خبر رساں ایجنسی "قدس پریس” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی متعدد گاڑیاں غزہ اور مغربی کنارے کے درمیان ایریز گذرگاہ کے قریب ایک فوجی کیمپ سے نکلیں اور بیت حانون کی طرف بڑھنے لگیں تو مجاہدین نے انہیں راکٹ حملوں کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر فائرنگ بھی کی تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
