(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ گزشتہ روز غرب اردن میں ہونے والا فدائی حملہ فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی مظالم کا ردعمل ہے اور حماس اس حملے کو مکمل طور پر جائز سمجھتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے گزشتہ یہودی آباد کاروں پر ہونے والے فدائی حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ صہیونی ریاست کے مسلسل برپا کردہ مظالم کا جواب ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کارروائی میں یہودی آباد کاروں کے لیے بھی پیغا م ہے کہ وہ اپنی ریاست کی کارروائیوں سے بریت کا اعلان کریں ورنہ جو آگ اسرائیل بیت المقدس میں لگانے کی کوشش کر رہا ہے وہ سب کو جلا کر راکھ کردے گی۔
انہوں نے حملہ آور کے لیے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور کو اللہ اس عمل کا بہترین اجر عطا کرے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز غرب اردن میں ایک فلسطینی شہری کی کارروائی میں ایک یہودی آباد کار خاتون ہلاک جب کہ تین لوگ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
