فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر الخلیل میں قائم العروب پناہ گزین کیمپ پر صہیونی فوجیوں نے جمعہ کے روز چھاپہ مارا اور وہاں پرموجود خواتین اور بچوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کی مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے اور پھر پناہ گزین کیمپ میدان جنگ کا منظر پیش کررہا تھا۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوجیوں نے ربڑ کی گولیوں اور دھاتی گولیوں کا اندھا دھند استعمال کیا۔ ان پر اشک آور گیس کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم مظاہرین نے بھی قابض فوج پر سنگ باری جس کے نتیجے میں صہیونی فوج کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق فلسطینی مظاہرین اور صہیونی فوج کے درمیان جھڑپیں کئی گھنٹے جاری رہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
