(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طوباس میں ’’تیاسیر’’ کے مقام پر ایک کھلونا بم پھٹنے کے نتیجے میں ایک فلسطینی بچہ زخمی ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز ایک گیارہ سالہ فلسطینی لڑکا یاسرشریف حسن اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا کہ اس دوران اسے ایک مشکوک بم ملا۔ اس نے کھلونا سمجھ کر اسے اٹھایا مگر وہ زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق کھلونا بم پھٹنے سے بچے کے چہرے اور ہاتھوں پر زخم آئے ہیں۔زخمی بچے کو طوباس میں ترکی کےتعاون سے قائم کردہ محمد سمارہ اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم وہاں پرعلاج کی سہولت نہ ملنے کے باعث اسے نابلس میں رفیدیا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج کی جانب سے جنگی مشقوں کی آڑ میں فلسطینی علاقوں میں بم پھینک دیے جاتے ہیں جو فلسطینی شہریوں کے لیے ٹائم بم کی حیثیت رکھتے ہیں۔
