(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں ’’رامون‘‘ کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی خاندان کے چارمکانات اور متعدد زرعی فارم مسمار کردیے۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے منگل کے روز مشرقی رام اللہ میں ایک انہدامی کارروائی کے دوران کم سے کم چار مکانات مسمار کردیے۔ یہ چاروں مکان چار سگے بھائیوں کی ملکیت تھے اور ان میں 14 افراد رہائش پذیر تھے۔متاثرہ فلسطینی شہری عقاب کحلہ نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتےہوئے بتایا کہ مسمار کیے گئے مکان اس کے دو بھائیوں کے تھے۔ ان میں کم سے کم چودہ افراد رہائش پذیر تھے جن میں بیشتر بچے اور خواتین تھیں۔ صہیونی فوجیوں نے مسماری کی کارروائی سے قبل کسی قسم کا پیشگی نوٹس نہیں دیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں کو گھروں سے گھیسٹ کر باہرنکالا اور اس کے بعد بلڈروزروں کی مدد سے مکانات مسمار کرڈالے۔ اہل خانہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا تو صہیونی فوجیوں نے ان پر تشدد کیا۔
مکانات مسماری کے ساتھ ساتھ صہیونی فورسز نے فلسطینی شہریوں کے متعدد زرعی فارم بھی مسمار کردیے۔
