(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہروں الخلیل اور بیت لحم میں اسرائیلی فوج نے دو مزید کنٹرول ٹاور قائم کرنا شروع کیے ہیں۔
فلسطین میں لینڈ ریسرچ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے بغیر کسی پیشگی اطلاع کے الخلیل شہر میں عیسیٰ الفروخ نامی شہری کی ڈیڑھ دونم اور بیت لحم میں جرادات خاندان کی ملکیتی تقوع قصبے میں ایک دونم اراضی پر کنٹرول ٹاور تعمیر کرنا شروع کردیے۔ریسرچ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوجیوں نے الخلیل میں کنٹرول ٹاور کی تعمیر کے لیے فلسطینی شہری کی اراضی ہتھیانے کےبعد اسے ہموار کرنا شروع کردیا ہے۔
درایں اثناء مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے بلڈوزروں کی مدد سے الخلیل میں اسماعیل شلالدہ نامی شہری کی اراضی ہموار کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں فلسطینی شہری کو پہلے سے کسی قسم کا آگاہی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔ یہ کنٹرول ٹاور السعیر قصبے میں تعمیر کیا جا رہا ہے جہاں جمعرات کو اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں چار فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا۔