غرب اردن – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں Â اور بیت المقدس میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شہروں جنین، الخلیل اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا۔ گھروں میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی اور نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔جنین شہر میں اتوار کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے نابلس شاہراہ پر ناکے لگا کر فلسطینی شہریوں کی تلاشی لی۔ گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق جنین میں اسرائیلی فوج نے مقامی شہری صائب علاونہ کی گاڑی روک کر اس کی تلاشی جس کے بعد علاونہ کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ علاونہ کی گرفتاری کے بعد اسرائیلی فوج نے جنین اور نابلس شہراہ پر ناکہ ختم کردیا۔
ادھر نابلس شہر میں بیت فوریک کے مقام پر اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ بیت فوریک اور مشرقی دجن کے مقام پر Â اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ادھر الخلیل شہر میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں 18 سالہ مامون حسن النتشہ کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ بیت المقدس میں بھی تلاشی کی کارروائیوں میں فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس سے حراست میں لیے گئے فلسطینیوں میں سیکیورٹی اداروں کو مطلوب افراد بھی شامل ہیں۔