(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بدھ کے روز یطا اور ام الخربہ کے مقامات پر اسرائیلی فوجیوں نے انہدامی کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہریوں کے متعدد مکانات مسمار کردیے جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی بے گھر ہوگئے ہیں۔
مقامی فلسطینی سماجی کارکن راتب الجبور نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی بڑی تعداد نے بکتر بند گاڑیوں اور بلڈوزروں کے ساتھ بدھ کو علی الصباح ام الخربہ کا محاصرہ کیا اور وہاں پرموجود فلسطینی شہریوں کے رہائشی مکانات اور دکانیں مسمار کرنا شروع کردیں۔ مکانات مسماری کے نتیجے میں الھذالین خاندان کے کئی افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔راتب الجبور نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے مکانات مسماری سے قبل گھروں میں گھس کر تمام سامان اٹھا کر باہر پھینک دیا اور بلڈوزوں کی مدد سے کچھ ہی دیر میں مکانات ملبے کا ڈھیر بنا دیے گئے۔
فلسطینی سماجی کارکن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ انہدامی کارروائی بغیر کسی پیشگی نوٹس کے کی گئی ہے جس پر مقامی آبادی سخت سراپا احتجاج ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی شہریوں کی مکانات مسمار اسرائیلی مظالم کا تسلسل ہے اور آئے روز فلسطینیوں کے مکانات کو غیرقانونی قرار دے کر مسمار کیا جاتا ہے۔ مسماری کی کارروائیاں غرب اردن اور بیت المقدس سمیت فلسطین کے دوسرے شہروں میں بھی جاری ہیں۔
