اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران نے صہیونی عقوبت خانوں میںاسیر رہنماوں سامر عیساوی اور ایمن شراونہ کے ساتھ اظہار یک جہتی میں بھوک ہڑتال کر دی۔
قیدیوں کی بڑی تعداد نے آج پیش کیے جانے والا کھانا واپس کردیا، اسیران نے آج سارا دن کچھ کھانے سے انکار کردیا ہے۔ فلسطینی اسیران نے مطالبہ کیا کہ جیلوں کے اندر قیدیوں پر ظلم و تشدد کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
اسرائیل کی لگ بھگ تمام جیلوں میں قیدیوں نے ہڑتال میں حصہ لیا، اس موقع پر اسیران نے جیلوں سے باہر موجود قوم سے بھی اپیل کی کہ وہ اسیران کی اس بھوک ہڑتال میں انکا بھرپور ساتھ دیں۔ بھوک ہڑتالی اسیران نے صہیونی عقوبت خانوں میں موجود مریض اسیران کوعلاج کی سہولیات فراہم نہ کرنے پر بھی اسرائیل حکام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ رملہ ہسپتال میں موجود فلسطینی مریض اسیران کے ساتھ اظہاریک جہتی کیا اور ان اسیران کوجلد علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین