مقبوضہ بیت المقدس ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں عیسائی برادری کی ایک مذہبی ریلی پر فائرنگ، دھاتی گولیوں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی اور بعض کو گرفتار کرلیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز پرانے بیت المقدس میں عیسائی برادری کے مختلف مکاتب فکر نے ’پام سنڈے‘ (اتوار کا کھجور تہوار) کی مناسبت سے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سیکڑوں عیسائی شہریوں نے شرکت کی۔خیال رہے کہ ’پام سنڈے‘ نامی ریلی ایسٹر کے تہوار سے ایک ہفتہ قبل نکالی جاتی ہے۔ عیسائیوں کا عقیدہ ہے کہ ایسٹر سے ایک اتوار قبل حضرت یسوع مسیح بیت المقدس میں شاہانہ اندازمیں داخل ہوئے تھے۔ اس ریلی میں عیسائی کھجور کی تازہ ٹہنیاں لے کر شرکت کرتے ہیں۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج اور پولیس نے باب الاسباط کے باہر نکالی گئی عیسائیوں کی ریلی پر فائرنگ کی، آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔