مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب اور فلسطین کی سپریم اسلامی کمیٹی کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے فلسطینی قوم پر زور دیا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ پر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور دفاع مقدسات کے عزم کا اعادہ کرے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الشیخ عکرمہ سعید صبری کا کہنا ہے کہ عید قربان پر قربانی دینا شرعی فریضہ ہے جو ہرعاقل بالغ اور صاحب حیثیت پر فرض ہے۔اپنے ایک بیان میں الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ فلسطینی قوم فقراء اور محتاج لوگوں کو قربانی کے گوشت میں شامل رکھیں۔
پڑوسیوں، رشتہ داروں اور معاشرے کے دیگر افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ عید پر مریضوں،زخمیوں، اسیران کے اہل خانہ اور شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ عالم اسلام میں یکجہتی کا پیغام دینا ہے۔ وہ اسلامی مقدسات کے دفاع کے لیے اپنی مساعی کو مجتمع کریں، القدس اور فلسطین کے دوسرے علاقوں کے مقدسات کے دفاع کے لیے کام کریں۔