صوفیا (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے ایک سرکردہ صحافی اور تجزیہ نگار نے عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے رہنما عمر النایف کے بلغاریا کے دارالحکومت صوفیا میں مجرمانہ قتل کے واقعے کی ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے۔ اس رپورٹ میں مقتول کے اہل خانہ، دوستوں اور دیگر متعلقہ افراد کے بیانات قلم بند کئے گئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ڈیڑھ سال پیشتر صوفیا میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں وحشیانہ طریقے سے قتل کیے گئے عوامی محاذ کے رہنما عمر النایف کی ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں بہت سے حقائق سامنے لائے گئے ہیں۔تحقیقاتی رپورٹ میں صوفیا میں فلسطینی سفارت خانے کے حکام کے بیانات بھی شامل ہیں۔ صحافی البیقاوی کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے حقائق پیش کر دیے ہیں۔ قارئین خود ہی کوئی نتیجہ اخذ کرلیں۔
خیال رہے کہ محمد عمر النایف کو نامعلوم مسلح افراد نے 16 فروری 2017ء کو بلغاریا کے صدر مقام صوفیا میں فلسطینی سفارت خانے کے قریب یرغمال بنانے کے بعد گولیاں مار شہید کردیا تھا۔
النایف کے اہل خانہ نے اس مجرمانہ قتل کی ذمہ داری اسرائیل کے بیرون ملک سرگرم خفیہ ادارے’موساد‘ پر عائد کی ہے۔