متحدہ عرب امارات سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار’’اریبین بزنس‘‘ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی سماجی کارکن،صحافی اور مصنف شاکر خزعل کو 40 سال سے کم عمر کے موثر ترین عرب نوجوان ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس کے بعد دورسے نمبر پر اماراتی وزیرہ 22 سالہ شما المزروعی ہیں جب کہ تیسرے نمبر پر یہ ایوارڈ سعودی عرب کے ایک نوجوان خالد الخضیر کے حصے میں آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عرب ممالک میں سالانہ کہ بنیاد پر ایسے 100 عرب نوجوانوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جن کی عمر 40 سال سے کم ہوتی ہے اور انہوں نے اپنی کم عمری کے باوجود سائنس، فنون لطیفہ، ریاضی، کاروبار یا حکومت میں اہم خدمات انجام دی ہوتی ہیں۔
اس بار اس مقابلے میں متحدہ عرب امارات کے 23 ، مصر کے 15 ، لبنان کے 13 ، سعودی عرب کے 12 اور فلسطین کے 10 نوجوانوں نے حصہ لیا تھا۔
شاکر خزعل فلسطینی نژاد نوجوان ہیں جنہوں نے ابتدائی تعلیم لبنان کے دارالحکومت بیروت میں واقع ایک پناہ گزین کیمپ سے کی۔ بعد ازاں وہ کینیڈا منتقل ہوگئے جہاں انہوں نے ٹورنٹو شہر میں بہترین رہنما کا ایواڈ جیتا۔ اس نے سنہ 2013 ء میں ’’جنگ زدہ بچے کے اعترافات‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب تحریر کی جسے عرب ممالک میں بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی تھی۔
