صہیونی ذرائع ابلاغ کے مطابق سنہ 48ء کے مقبوضہ فلسطین کے علاقے عسقلان کی بلدیہ نے شہر کے تاریخی اسلامی قبرستان کی قبریں اکھاڑ کر اس قبرستان کو کارپارکنگ میں تبدیل کردیا ہے۔
قبرستان کی قبروں کی بے حرمتی قریب موجود تجارتی مرکز کی گاڑیوں کو کھڑا کرنے کی پارکنگ کے لیے کی گئی۔
عبرانی زبان میں شائع ہونے والے روزنامے ’’معاریف‘‘ کے مطابق اس علاقے کے ایک رہائشی نے کہا کہ میں نے بلدیہ کو اس ضمن میں شکایت درج کروائی تھی تاہم اس پر کوئی ایکشن نہ لیا گیا اور اب بھی قبرستان میں کاریں بدستور کھڑی کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی کنیسٹ کے عرب رکن پارلیمان احمد الطیبی نے اسلامی قبرستان کو کار پارکنگ کے طور پر استعمال کرنے کی ان الفاظ میں مذمت کی۔ اگر فرانس میں کسی یہودی قبرستان کو کار پارکنگ کے لیے استعمال کیا جائے تو اسرائیل کیا کرے گا۔ انہوں نے شہر کی بلدیہ سے اس ضمن میں فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین