فلسطینی ذرائع کیمطابق اتھارٹی کے سکیورٹی اہلکاروں اور تحریک فتح کے کارکنوں نے رکن پارلیمان مصطفی برغوثی پر اس وقت حملہ کر دیا جب وہ اسرائیلی شیلنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو کر اپنی گاڑی میں سوار ہو رہے تھے۔ ادھر عباس ملیشیا نے مغربی کنارے سے مزید تین حماس حامیوں کو گرفتار کر لیا۔
خبر رساں ایجنسی ’’قدس پریس‘‘ نے ہفتے کے روز جاری اپنی خبر میں بتایا کہ فلسطینی رکن پارلیمان گزشتہ روز یوم ارض کے موقع پر احتجاجی مظاہرے میں شریک تھے۔ اس دوران صہیونی فورسز کی شیلنگ میں زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب یوم ارض کے موقع پر فتح کے کارکن مظاہروں میں شریک نہ تھے جنہوں نے زخمی ہو کر گاڑی میں سوار ہونے والے برغوثی پر حملہ کر دیا۔
دیگر ذرائع نے بتایا کہ فتح اور حماس کے مابین یوم ارض کی سرگرمیوں، مظاہروں اور تقریبات پر شدید اختلافات تھے۔ رام اللہ کے سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ برغوثی کو قلندیا سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب حماس کے ساتھ مفاہمت کرنے اور ساری قوم کے متفقہ دن یوم ارض پر بھی مخاصمانہ رویہ اختیار کرنے والی فلسطینی اتھارٹی کے سکیورٹی اہلکاروں نے ہفتے کے روز بیت لحم سے حماس کے مزید تین حامیوں کو گرفتار کرلیا۔
بیت لحم سے گرفتار ہونے والوں میں عبد الرحیم سلھب، ایاد قراقع اور اکرم مسالمہ شامل ہیں۔ پری وینٹو سکیورٹی فورسز نے ان افراد کو گھروں پر چھاپہ مار کر اغوا کیا۔
نابلس میں اتھارٹی کی ایک عدالت نے زیر حراست نوجوان ابراھیم رمضان کی مدت حراست میں مزید روز کی توسیع کی ہدایات جاری کر دیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

