مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کی پری وینٹو سکیورٹی فورسز کی جانب سے اپنے ہی ہم وطنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
حماس کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے اتھارٹی فورسز نے سابق اسیرہ اور معروف فلسطینی خاتون رہنما ھناء شلبی کے گھر پر بھی حملہ کردیا۔
اتھارٹی فورسز نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے کل تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ قلقیلیہ میں اتھارٹی کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے محمد اسعد نامی نوجوان کو تفتیش کے لیے طلب کرکے اغوا کرلیا۔ اسی شہر سے نوجوان عبد الرحمان منصور کو سوال و جواب کے لیے حراستی مرکز طلب کیا گیا اور ان کے بھائی نور الدین منصور کر گرفتار کرلیا گیا۔ نور الدین کو اس سے قبل اپنی سیاسی وابستگی کی بنیاد پر سرکاری ملازمت سے بھی برخاست کیا جا چکا ہے۔
جنین میں اتھارٹی فورسز کے اہلکاروں نے برقین گاؤں میں واقع معروف فلسطینی اسیرہ رہنما ھناء شلبی کے گھر پر حملہ کیا۔ گھر کا سارا سامان الٹ کر رکھ دیا گیا، اس دوران اسیرہ کے بھائی عمار شلبی کو گرفتار کر لیا گیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
