عالمی تحریک نوجوانان برائے فلسطین کے منتظمین کے مطابق تحریک میں پوری دنیا کے نوجوان کارکنان کی بڑی تعداد میں شمولیت متوقع ہے۔
تحریک کے ایک منتظم احمد بلوشہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے نوجوان کارکنان نے اس تحریک میں شرکت کے ارادے کا اظہار کیا ہے خاص طور پر عرب انقلاب والے ممالک جن میں یمن، مصر، لیبیا، اور تیونس شامل ہیں۔ کے نوجوان اس تحریک میں شرکت کے متمنی ہیں۔
تحریک کے منتظمین نے تحریک میں شمولیت کے لئے بین الاقوامی اداروں اور پوری دنیا میں موجود مسئلہ فلسطین کے حامیوں سے رابطہ کیا ہے۔
تحریک نے مصر، یمن اور لبنان میں وفود بھیجے ہیں تاکہ بین الاقوامی کارکنان کی قوتوں کو یکجا کرکے انسانی، معاشرتی اور اقتصادی شعبوں میں استعمال کیا جاسکے۔
امریکا، برازیل، کینیڈا، اور دوسرے مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے بھی اس تحریک میں شمولیت اختیار کرنے اور اس کی حمایت کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ اس تحریک کا آغاز اس سال کے آخر تک ہوجائے گا اور اس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 50 وفود شرکت کریں گے۔
منتظمین کے مطابق تحریک کا مقصد مسئلہ فلسطین کی حمایت میں نوجوان کارکنان کی قوتوں کو یکجا کرنا ہے اور بین الاقوامی برادری پر دبائو ڈالنا ہے تاکہ وہ اسرائیلی جرائم اور خلاف ورزیوں کو روک سکے۔
عالمی تحریک نوجوانان برائے فلسطین کے منتظمین نے اسرائیل کے قیام سے اب تک فلسطینی لوگوں اور املاک کے خلاف اسرائیلی جرائم کا ریکارڈ رکھنا شروع کردیا ہے تاکہ قابض ریاست کے رہنمائوں سے بین الاقوامی فورمز پر جواب طلبی کی جاسکے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
