مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کے کثیرالاشاعت اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ایک سینیر ڈاکٹر نے فلسطینی صدر محمود عباس کی آخری لمحے میں جان بچانے میں مدد فراہم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگر وہ بروقت طبی امداد فراہم نہ کرتے تو فلسطینی صدر محمود عباس کی زندگی بچنا مشکل تھی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ برس فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کو اچانک دل میں شدید تکلیف ہوئی تھی جس پرانہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت نے فوری طورپر ایک ڈاکٹر کو فلسطینی صدر کے پاس بھیجا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کو محمود عباس کی زندگی خطرے میں نظر آ رہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیلی حکومت نے صدر عباس کے فوری طبی معائنے کے لیے ایک ڈاکٹر رام اللہ بھیجا تھا۔