مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ سے نکلتے ہوئے سات فلسطینی خواتین کو حراست میں لے لیا۔ حراست میں لی گئی تمام خواتین کو پرانے بیت المقدس میں القشلہ حراستی مرکز لے جایا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی خواتین کو مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط اور باب الحطۃ سے حراست میں لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لی گئی خواتین کو امن ومان میں خلل ڈالنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ انہیں کل عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
گرفتار خواتین کی شناخت ناھد محاجنہ، منتھیٰ امارۃ، نور محامید، اسلام محامید، سماح محامید ، راید اسعید اور سعادۃ عبیدیہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ادھر صیہونی پولیس نے ایک دوسری کارروائی میں مسجد اقصیٰ کے باب المجلس سے قبلہ اوّل کے نمازی اور بزرگ الشیخ نورالدین الرجبی کو حراست میں لے لیا۔ انہیں بھی القشلہ حراستی مرکز منتقل کیا گیا ہے۔