مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل میں سرگرم انتہا پسند صیہونی مذہبی گروپوں نے اتوار کو مسجد اقصیٰ میں تلمودی نماز کی اجتماعی ادائیگی کی دعوت دیتے ہوئے فلسطین میں بسائے گئے صیہونیوں سے اس میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’اتحاد تنظیمات ہیکل‘ کی طرف سے اخبارات اور سوشل میڈیا پر ایک دعوتی اشتہار شائع کیا گیا ہے جس میں صیہونیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اتوار 19 اگست کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہوں اور ’سلیخوت‘ نامی تلمودی نماز ادا کریں۔خیال رہے کہ ’سلیخوت‘ تلمودی مذہبی تعلیمات کے نصوص کے مطابق مختلف مذہبی رسومات کی ادائیگی کا مجموعہ ہے۔ یہ مذہبی عبادت فجر سے قبل یا رات کے آخری پہر ادا کی جاتی ہے۔ اس کا سلسلہ انیس اگست سے یکم ستمبر میں عید غفران تک جاری رہتا ہے۔