مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں جمعہ کے روز فدائی حملہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی احمد محامید کےگھر پر چھاپہ مارا اور اس کے والد سمیت متعدد دیگر اقارب کو حراست میں لے لیا۔ تاہم بعد ازاں شہید کے والد کو رہا کر دیا گیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے گرین لائن کے اندر ام الفحم شہر میں شہید احمد محامید کےگھر پر چھاپہ مارا اور گھر میں موجود اس کے والد سمیت بعض دیگر فلسطینیوں کو بھی حراست میں لے لیا۔اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ محامید نے جمعہ کے روز پرانے بیت المقدس میں باب المجلس میں چاقو کےوار کرکے ایک صیہونی آباد کار کو زخمی کردیا تھا۔ اسرائیلی پولیس نے فائرنگ کرکے محامید کو شہید کردیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے شہید فلسطینی کاجسد خاکی قبضے میں لے رکھا ہے جب کہ اس کے کئی اقارب کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے ام الفحم میں فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور کئی فلسطینیوں کو زدو کوب کیا۔ اسرائیلی فوج نے تلاشی کی اڑ میں گھروں میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔