(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار پانچوں طلبا اسرائیل کے خلاف مزاحمتی تحریک کو مالی معاونت کرتے تھے۔
قابض صیہونی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی داخلی سلامتی کے ادارے "شاباک ” کی خفیہ اطلاعات پر غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں قائم جامعہ بیرزیت میں ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران 5 فلسطینی طلبا محمد ماجد حسن ،عبدالرحمان صباح علوی، برکات رائد مالکی، یحییٰ صادق قاروط اور حمزہ عبید زمزم کو گرفتار کیا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ ترکی سے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے غزہ میں مزاحمتی تحریک حماس کو رقوم کی منتقلی میں معاونت فراہم کرتے تھے ۔
قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار پانچوں طلبا نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے غزہ میں حماس کی قیادت کے ساتھ رابطے ہیں اور وہ اسرائیل کے خلاف مزاحمتی تحریک کو رقوم کی فراہمی میں معاونت فراہم کرتے ہیں ۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں حماس کے طلبا بلاک کے عبدالرحمان حمدان نامی طالب علم حماس کو اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کے لیے خطیر رقوم کی منتقلی میں ملوث ہے۔