مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں ’شہداء قلندیہ‘ پارک کو ایک چیک پوسٹ میں تبدیل کر کے مقامی فلسطینی آبادی کو پارک سے محروم کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے المطار کالونی میں واقع پارک کا گھیراؤ کیا اور اسے مسمار کرنے کے بعد وہاں پر چیک پوسٹ تعمیرکرنا شروع کر دی۔کفر عقب بلدیہ کے ترجمان رائد حمدان نے بتایا کہ اسرائیلی حکام نے شہداء قلندیہ پارک کے قریب پہلے ہی ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔ اس کی توسیع کے لیے پارک پر قبضہ کرلیا گیا۔
حمدان نے کہا کہ غصب کردہ پارک کا رقبہ 2000 مربع فٹ ہے۔ تاہم اس سارے پارک کو چیک پوسٹ کے قیام کی آڑ میں فلسطینیوں سے چھین لیا گیا ہے۔