مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی حکام کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی املاک کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز صیہونی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں العیزریہ کے مقام پر جبل البابا میں ایک اسکول اور خواتین کا ایک بہبودی مرکز مسمار کر دیے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی سماجی کارکن عطا اللہ جھالین نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیلی سول ایڈمنسٹریشن کے اہلکار اور فوجیوں نے بلڈوزروں کے ساتھ جبل البابا میں ایک اسکول اور خواتین سیںٹر پر دھاوا بولا۔خواتین مرکز اور اسکول میں موجود بچوں اور دیگر افراد کو باہر نکالنے کے بعد انہیں بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردیا گیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے دھمکی دی کہ مسماری پر احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے ساتھ بھاری جرمانوں کی سزائیں دی جاسکتی ہیں۔