(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے ایک بار پھر فائربندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے کاشتکاروں پر فائرنگ کر دی۔
صیہونی فوجیوں نے غزہ پٹی کے جنوب میں خان یونس اور مشرق میں رفح کے علاقے میں کسانوں اور مویشیوں کا کاروبار کرنے والوں پر فائرنگ کر دی۔ صیہونی فوجیوں کے اس حملے کے نتیجے میں یہ لوگ علاقے سے اپنی جان بچا کر جانے پر مجبور ہو گئے۔ صیہونی فوج اور فلسطینی مجاہدین کے مابین اگست دو ہزار چودہ میں پچاس روزہ جنگ کے بعد فائربندی کا سمجھوتہ ہوا تھا۔یہ سمجھوتہ مصر کی نگرانی میں انجام پایا تھا۔ دو ہزار چودہ کی پچاس روزہ جنگ میں صیہونی فوج نے غزہ پر انتہائی وحشیانہ حملے کئے تھے جن کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہری شہید اور زخمی ہو گئے تھے۔
شہید ہونے والوں میں زیادہ تر معصوم فلسطینی بچے شامل تھے۔ اگست دو ہزار چودہ میں فائربندی کے سمجھوتے کے باوجود صیہونی حکومت مسلسل فائربندی کی خلاف ورزی کرتی رہی ہے۔ گذشتہ برس اکتوبر میں انتفاضہ قدس شروع ہونے کے بعد سے صیہونی فوجی اب تک دو سو سے زائد فلسطینیوں کو فلسطین کے مختلف علاقوں میں شہید کر چکے ہیں۔