الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کے مطابق صیہونی جیل میں قید ایک فلسطینی مجاھد کو اسرائیلی جلادوں نے غیرانسانی سلوک کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ گذشتہ روز دم توڑ گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 28 سالہ وسام عبدالمجید نایف شلالدہ کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے سعیر قصبے سے ہے۔کلب برائے اسیران کی رپورٹ کے مطابق عبدالمجید نائف شلالدہ کو اسرائیلی فوج نے 2015ء کو حراست میں لیا تھا۔ اس پر اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے ساتھ تعلق کے الزام میں مقدمہ چلایاگیا اور سات سال قید کی سزا سنائی گئی۔
شلالدہ اپنی قید میں تین سال کاٹ چکا تھا مگر دوران حراست اسے غیرانسانی سلوک کا مسلسل سامنا رہا ہے۔ وہ چار بچوں کا باپ بتایا جاتا ہے۔ادھر القسام بریگیڈ نے شلالدہ کی اسرائیل جیل میں موت کو ماورائے عدالت مجرمانہ قتل قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ صیہونی دشمن نے ایک فلسطینی مجاھد کو غیرانسانی سلوک کے ذریعے جان سے مار کر ایک بات پھر یہ ثابت کیا ہے کہ صیہونی ریاست قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کا مظاہرہ کر رہی ہے۔