الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں صیہونی شرپسندوں کے ایک گروپ نے مذہبی تہوار’الشعلہ‘ کی خوشی میں نسل پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینی پرچم نذر آتش کرڈالے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی آباد کاروں کے ایک گروپ نے ’عید شعلہ‘ کے موقع پر الخلیل میں متعدد مقامات پرلگے فلسطینی پرچم اتارنے کے بعد انہیں نذرآتش کردیا۔خیال رہے کہ ’عید شعلہ‘ کو صیہونیوں کے ہاں مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ صیہونیوں میں مشہور ہے کہ یہودی قوم نے رومیوں کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کی جس کی یاد میں یہ دن منایا جاتا ہے۔ یہودی یہ دن دو مارچ کو مناتے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صیہونی شرپسندوں نے فلسطینی آبادی پر دھاوا بولا اور فلسطینیوں اور مسلمانوں کے خلاف نسل پرستانہ نعرے بازی بھی کی۔