(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مقبوضہ مغربی کنارے کے رام اللہ کے مغرب میں واقع دیہات بیت سیرا میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں تین فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے جبکہ تین دیگر فلسطینیوں کو الخلیل سے حراست میں لے لیا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے بیت سیرا پر دھاوا بول دیا اور وہاں کے مقامی نوجوانوں سے جھڑپیں شروع کردیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تین نوجوان ربڑ کی گولیاں لگنے کے نتیجے میں زخمی ہوگئے جبکہ دیگر کئی افراد کو آنسو گیس کی شیلنگ کی وجہ سے سانس لینے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے علاوہ الخلیل شہر میں اسرائیلی فوج نے الجبری کے علاقے سے تین نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان میں ایک نوجوان کے پاس سے بندوق برآمد ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ایک علیحدہ واقعہ میں بیت المقدس کے شمال میں واقع الرام قصبے میں پرتشدد جھڑپوں کے دوران ایک صیہونی فوجی کو سر میں زخم آگیا۔
فلسطینی نوجوانوں نے علاقہ پر دھاوا بولنے والے فوجیوں پر پتھروں اور پٹرول بموں کی بارش کردی جس کے نتیجے میں ان کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔
الرام قصبے کو ایک دیوار کے ذریعے سے مشرقی بیت المقدس سے علیحدہ کئے جانے کے بعد الرام قصبے میں مسلسل جھڑپیں جاری رہتی ہیں۔ مگر القدس انتفاضہ کی شروعات سے ان جھڑپوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔