غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کو غزہ کی پٹی پر بمباری اور بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرنے کے سنگین جرائم کا حساب دینا ہوگا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القسام کی طرف سے یہ انتباہی بیان تنظیم کے ایک اہم رکن کی گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں بمباری میں شہادت کے بعد سامنے آیا ہے۔اسرائیلی فوج کی طرف غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں ڈرون کے ذریعے فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں القسام کے چار کارکن زخمی ہوگئے تھے۔ ان میں سے ایک اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ گیا۔
القسام بریگیڈ نے خبردار کیا ہے کہ صیہونی دشمن کو غزہ کی پٹی میں بمباری اور بے گناہ فلسطینیوں کو شہید کرنے کے انسانیت سوز جرم اور فلسطینیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔
بیان میں تنظیم کے کارکن عبدالکریم اسماعیل رضوان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں صیہونی غاصب دشمن کا تعاقب جاری رکھیں گی اور دشمن کو فلسطینی قوم کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔