نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی آباد کاروں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں مادما کے مقام پر فلسطینیوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ مادما قصبے کے ایک رہائشی عماد ابو عرب کو صیہونی آباد کاروں کی طرف سے گولیاں مار کر زخمی کیا گیا۔ ادھر اسی علاقے میں صیہونی شرپسندوں نے فلسطینی شہریوں پر دھاتی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ بعض زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ فلسطینیوں پر حملہ کرنے والے صیہونی آباد کاروں کا تعلق یتسھار کالونی سے ہے اور اس کالونی کے آباد کار روز مرہ کی بنیاد پر فلسطینی آبادی کے جان ومال پر حملے کرتے رہتے اورانہیں جانی اور مالی نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوتے ہیں۔