(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی پولیس اور فوج کی مکمل سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کے قبلہ اوّل پر دھاوے جاری ہیں۔ کل اتوار کے روز بھی دن بھر یہودیوں کی قبلہ اوّل میں آمد ورفت کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر اسرائیلی پولیس کی جانب سے یہودیوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
مقامی فلسطینی شہریوں نے بتایا کہ اتوار کو علی الصباح 15 یہودی شرپسندوں کا ایک گروپ مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے سے اندر داخل ہوا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری ان کے آگے اور پیچھے موجود تھی۔ یہودی آباد کاروں کی واپسی تک اسرائیلی پولیس اہلکار مسلح حالت میں مسجد اقصیٰ کے بیرونی خارجی اور داخلی راستوں پر کھڑے رہے۔
دن کے اوقات میں بھی یہودی آباد کاروں کی ٹولیاں قبلہ اوّل میں آتی اور جاتی رہیں۔ انہیں بھی اسرائیلی پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
