فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں بدھ کے روز علی الصباح اسرائیلی فوجیوں، پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا ہے جس کے نتیجے میں
درجنوں فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فورسز نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے ساتھ سڑکوں پر پیدل اور گاڑیوں پر سفرکرنے والے شہریوں کو بھی گرفتار کیا ہے جس کےباعث حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی درست تعداد معلوم نہیں ہوسکی ہے۔
مغربی کنارے کے شمالی شہرجنین سے عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض صہیونی فوج کے مسلح اہلکاروں نے علی الصباح گھروں پر چھاپے مارے، تلاشی کے دوران خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا، قیمی سامان کی توڑپھوڑ کے ساتھ نقدی اور زیوارت لوٹ لیے۔ تلاشی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں بیت امر اور العروب پناہ گزین کیمپ میں قابض فورسز نے فلسطینی شہریوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا جس کے نتیجے میہں وہاں سے کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ العروب کیمپ سے حراست میں لیے گئے شہریوں کی شناخت فادی زیدان، محمود العداربہ، یوسف الشطرات اور معتصم جوابرہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔
بیت امر سے امر محمد عیاد عوض، بشیر ابو عیاش اور دیگر کو حراست میں لیا گیا جس کے بعد چوبیس گھنٹے میں وہاں سے گرفتار ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد سات ہوگئی ہے۔
مغربی الخلیل میں دیرسامت کے مقام پر ناکے لگا کرصہیونی فوجیوں نے راہ گیروں کی تلاشی کا وحشیانہ سلسلہ شروع کیا۔ خواتین اور بچوں کی بھی جامہ تلاشی لی گئی۔
نابلس شہر میں صہیونی فوجویں نے دو فلسطینیوں کو اسلحہ اور دیگر جنگی سامان رکھنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔
اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کے مطابق فوج نے زعترہ چوکی پر ایک مشکوک کار کو روک کراس کی تلاشی لی۔ کار سے M16 رائفل اور بارودی ضبط کیا گیا جس کے بعد کار کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور کار کو ضبط کرلیا گیا ہے۔
ادھر رام اللہ میں قابض فورسز نے تلاشی کے دوران تین فلسطینیوں کای قدرورہ حماد، زیاد عبدالجلیل اور موسیٰ یاسر النجار کو حراست میں لے لیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
