رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں دو الگ الگ واقعات میں اسرائیلی فوج نے گولیاں مارکر ایک فلسطینی نوجوان کو شہید اور دوسرے کو شدید زخمی کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے مشرقی رام اللہ میں جبع قصبے میں ایک فلسطینی نوجوان پر فوجیوں کو اپنی کار تلے کچلنے کے شبے میں فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا۔فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جبع قصبے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 24 سالہ حسین سالم ابو غوش نامی نوجوان شہید ہوا ہے۔ اس کا تعلق شمالی بیت المقدس میں قائم قلندیا پناہ گزین کیمپ سے بتایا جاتا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ رام اللہ میں ’آدم ‘ کالونی کے قریب ایک فلسطینی نوجوان نے فوجیوں کو لے جانے والی گاڑی کو اپنی گاڑی سے ٹکر مارنے کی کوشش کی۔ فوجیوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ صہیونی فوج کا کہنا ہے یہ ایک حملہ تھا جسے اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔
قبل ازیں رام اللہ کے شمال مغربی علاقے عابود یں ایک فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلے فلسطینی نوجوان کی طرف سے فوجیوں پر فائرنگ کی گئی تھی۔
عبرانی اخبار’معاریو‘ کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عابود کے مقام پر بائی پاس روڈ پر قائم فوجی ٹاور کے قریب ایک فلسطینی نوجوان نے فوجیوں پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کرنے والا فلسطینی گاڑی میں سوار تھا۔ فوجیوں نے جوابی فائرنگ میں گاڑی Â کے ڈرائیور کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا ہے۔