(فلسطین نیوز،مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں بدھ کے روز اسرائیلی فورسز کی انہدامی کارروائیوں کے نتیجے میں ایک اسکول اور متعدد مکانات مسمار کردیئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عوامی محاذ کے رہنما حننی نے بتایا کہ مشرقی نابلس میں بیت فوریک کے مقام پر یہودی فوجیوں نے ایک اسکول کا گھیراؤ کرنے کے بعد اسے مسمار کرڈالا۔ یہ اس قصبے کا واحد اسکول ہے۔ بیت فوریک میں صہیونی فوج نے متعدد زرعی املاک بھی مسمار کردیں۔ قابض فوج کا کہنا ہے کہ زرعی املاک اور اسکول صہیونی حکومت کی اجازت کے بغیر تعمیر کیے گئے تھے۔ اس لیے انہیں مسمار کیا گیا ہے۔ادھر مغربی کنارے میں یہودی توسیع پسندی پر نظر رکھنے والے تجزیہ نگار غسان دغلس نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے خربہ طانا کے مقام پر فلسطینیوں کے متعدد رہائشی مکانات غیرقانونی قرار دے کربلڈوز کردیے۔
غسان نے بتایا کہ صہیونی فورسز نے فرروی کے مہینے میں اس علاقے میں فلسطینی شہریوں کے 9 مکانات مسمار کیے ہیں۔
