(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فورسز نے غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی فٹ بالر کو بیت المقدس میں علاج سے واپسی پرغرب اردن اور غزہ کے درمیان سرحد پرحراست میں لے لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی فٹ بالر فادی الشریف بیت المقدس میں تھے جہاں سے واپسی پر شمالی غزہ کی پٹی میں’’ایریز‘‘ گذرگاہ سے غزہ داخل ہونے سے قبل انہیں حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فادی الشریف چند روز قبل بیت المقدس میں المقاصد اسپتال میں داخل ہوئے تھے جہاں سرجری کے بعد غزہ لوٹ رہے تھے کہ انہیں ایریز گذرگاہ سے گرفتار کرلیا گیا۔
فادی الشریف غزہ کی پٹی میں قائم فلسطینی فٹ بال ٹیم الھلال کے ساتھ وابستہ ہیں اور بہترین فٹ بالر کے طورپر مشہورہیں۔
فادی کے اہل خانہ نے بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن ’’فیفا‘‘ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی فوج کے زیرحراست کھلاڑی کی رہائی کے لیے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔
