الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل فوج نے کل ہفتے کے روز فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک فلسطینی شہری، اس کے سات بیٹوں اور ایک بہو کو حراست میں لینے کے بعد کسی خفیہ مقام پر منتقل کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے یہ کارروائی جنوبی الخلیل میں السموع کے مقام پر محمد موسیٰ بحیص کے گھر پر چھاپے کے دوران کی۔ اسرائیل فوج نے بحیص کے مکان کی تلاشی لینے کے لیے تفتیش کتوں سے بھی مدد لی۔ گھر میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار کے بعد موسیٰ بحیص اس کےسات بیٹوں موسیٰ، عماد، رامی، جہاد، رافت، علی ، رائد اور ان میں سے ایک بیٹے کی اہلیہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔خیال رہے کہ فلسطینی شہرہوں کے خلاف اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن روز کا معمول بن چکا ہے اور نہتے فلسطینیوں کو ہراساں کرنے کے لیے ان کی اجتماعی گرفتاریاں عمل میں لائی جاتی ہیں۔ موسیٰ بحیص اور اس کے خاندان کی گرفتاری کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔