(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ پر دھاوے کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کا تعاقب کرتے ہوئے فوجی گاڑی اس پرچڑھا دی جس کے نتیجے میں اسے درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کو علی الصباح اسرائیلی فوجیوں نے بیت لحم میں الدھیشہ پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا۔ اس دوران ایک فلسطینی نوجوان 17 سالہ عبدالفتاح سلھب نے کیمپ سے نکل کرجانے کی کوشش کی تو اسرائیلی فوجیوں نے ایک فوجی گاڑی اس کے ییچھے لگا دی اور قریب ہی اسے گاڑی کی ٹکر مار کر زخمی کردیا۔ تاہم قابض فوجیوں نے اسے حراست میں نہیں لیا اور مقامی فلسطینیوں نے اسے اٹھا کر اسپتال پہنچایا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی نوجوان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
