انتہاء پسند یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصی میں گھس کر ایک بار پھر اس کے صحنوں اور احاطوں کا تقدس پامال کردیا۔ اسرائیلی پولیس کی مکمل حفاظت میں صہیونی غنڈے مراکشی دروازے سے قبلہ اول میں داخل ہوئے اور یہاں پر تلمودی رسومات ادا کیں۔
مسجد اقصی میں موجود ایک فلسطینی نے خبر رساں ایجنسی ”صفا” کو بتایا کہ یہودیوں کے تین جتھوں نے علی الصبح مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا، یہ سب مسجد کے صحنوں میں گشت کرتے رہے اور بعض نے مسجد کے مختلف مقامات پرتلمودی عبادت کی ادائیگی بھی کی۔
ذرائع کے بہ قول جس وقت یہودیوں کے دھاوے کے وقت مسجد میں بہت سے نمازی، طلبہ اور طالبات موجود تھے۔ یہودی آباد کاروں کے ساتھ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری بھی مسجد میں داخل ہوئی اور یہاں کے حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے۔
اسرائیلی پولیس نے مسجد اقصی میں موجود نمازیوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کردی اور مختلف نمازیوں سے ان کے شناخت نامے طلب کرنا شروع کردیے۔ اہلکاروں نے مسجد کے احاطوں میں طلب علم میں مصروف فلسطینی طلبہ کی تصاویر بھی لیں جس سے فلسطینیوں میں شدید اشتعال پھیلا رہا۔
ذرائع کے مطابق مسجد اقصی میں حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں۔ یہودی جماعتوں کی جانب سے آئے روز مسلمانوں کے اس قبلہ اول کی جانب رخ کرنے کی اپیلیں کی جارہی ہیں۔ پیر کی علی الصبح کے ان دھاوں کے بعد سارا دن یہودیوں اور سیاحوں کی جانب سے مسجد پر حملوں کا خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ انتہاء پسند یہودی گروپوں اور تنظیموں نے اتوار کے روز مسجد اقصی کے دروازوں اور براق صحن میں بڑے اجتماع کے بعد آج پیر کے روز مسجد اقصی پر دھاوں کی کال دی تھی۔ یہ کال اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ جمعرات کے روز یہودیوں کو مسجد اقصی میں داخلے کی اجازت نہ دینے کے خلاف دی گئی تھی۔ اسرائیلی پولیس قیادت نے جمعرات کے روز مسلمانوں کی چھٹی کی وجہ سے مسجد اقصی کے دروازے بند کردیے تھے اور یہودی آبادکاروں کو بھی مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
اتوار کے روز یہودی تنظیموں نے اسی بنا پر مسجد کے تمام دروازورں پر جمع ہوکر احتجاج ریکارڈ کروایا تھا۔ دوسری جانب مغربی کنارے کے آبادی اور رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑی شہر الخلیل کی اولڈ میونسپلٹی میں بھی یہودی انتہاء پسند گروپوں نے قدیم بازار میں گھس کر پتھراؤ کیا ہے جس سے ایک فلسطینی چودہ سالہ سامی سامر جابر زخمی ہو گیا ہے۔ سامر جابر کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
بشکیہ:مرکز اطلاعات فلسطین
