ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کو آئندہ جمعرات کے روز تہران میں ہونے والے غیر جانب دار ممالک کی تحریک کے اجلاس میں شرکت کے لیے تہران دورے کی دعوت دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کے دفترسے جاری ایک بیان میں ایرانی صدر کے دعوت نامے کی تصدیق کی گئی ہے اور کہا گیا کہ وزیراعظم کو ایرانی صدر کا دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے۔ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا فلسطینی وزیراعظم اس دورے میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ تاہم حکومت نے ایران کا غیرجانب دار ممالک کے اجلاس میں شرکت پر مدعو کرنے کا شکریہ ادا کیا ہے۔خیال رہے کہ ایران کی دعوت پر غیر جانب دار ممالک کی تحریک کا سربراہ اجلاس آئندہ جمعرات کو تہران میں شروع ہوگا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بین کی مون اور مجموعی طورپر 119 ممالک کے سربراہان اور نمائندہ وفود شرکت کریں گے۔ ایرانی صدر کی جانب سے باضابطہ طور پر مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی، بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور کیوبا کے لیڈر راؤل کاسترو کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔