تحریک جہاد اسلامی کے رہنما شیخ خضر عدنان نے مقبوضہ یروشلم، مغربی کنارے، 1948ء کے مقبوضہ علاقوں اور دنیا بھر میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے فلسطینیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران کی راہنمائی میں عزت و احترام کے لئے لڑی جانے والی جنگ میں حصہ لیں۔
شیخ عدنان نے فلسطینی اتھارٹی کے سرکاری ٹی وی چینل کی جانب سے بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے لئے حمایت نہ کرنے پر سخت مذمت کی ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں صرف فلسطینی اتھارٹی کا سرکاری ٹی وی چینل ہی دکھایا جاتا ہے۔
تحریک جہاد اسلامی کے رہنما نے ضرار ابو سیسی، محمود زھران، بیمار اسیر معتصم ردّاد، خاتون اسیر لینا جربونی اور تقریبا 100 دنوں سے بھوک ہڑتال کرنے والے اسیر ایمن حمدان کی حالت زار کو بیان کیا اور فلسطینیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ لیلۃ القدر میں اسرائیلی جیلوں میں قید اپنے بہنوں اور بھائیوں کی رہائی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔
یاد رہے کہ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں قید 14 اسیران جن میں 5 اردنی اسیر بھی شامل ہیں، نے 94 دنوں سے بھوک ہڑتال کا آغاز کررکھا ہے اور اسیر ایمن حمدان 98 دنوں سے اپنے مطالبات کی منظوری کی خاطر بھوک ہڑتال پر ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
