فلسطین کے سنہ 1948ء کےمقبوضہ علاقوں میں عرب اور فلسطینی عوام کی نمائندہ تنظیم تحریک اسلامی دسویں سالانہ کانفرنس میں تنظیم کے سربراہ شیخ رائد صلاح کو اگلی مدت کے لیے دوبارہ صدر منتخب کیا ہے۔
الشیخ کمال الخطیب کو نائب صدر اور الشیخ حسام ابو لیل کو دوسرے نائب صدرکے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک کی جنرل باڈی کا اجلاس جمعرات کے روز مقبوضہ فلسطین کے شہر ام الفحم میں ہوا، جس میں سیکڑوں اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر جماعت کی قیادت کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ خفیہ رائے دیہی سے ارکان کی اکثریت نے شیخ رائد صلاح کو جماعت کا سربراہ منتخب کیا اور شیخ کمال الخطیب اور شیخ حسام ابو لیل کو نائب صدور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔دوبارہ انتخاب کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رائد صلاح نے کہا کہ وہ فلسطینیوں کے جائز حقوق اور صہیونی ریاست کے جبرو تشدد کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بیت المقدس کو یہودیانے اور مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں میں تمیز کے قانون کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہودی بستیوں کی تعمیر اسرائیل کی آبادیاتی دہشت گردی ہے۔